افغانستان کیلئےالیکٹرانک امپورٹ فارمز کی آخری چھوٹ ٹرک فوری کلیئر ہونگے

10 فروری ، 2022

اسلام آباد (اے پی پی)حکومت پاکستان نے افغانستان کیلئے تجارتی سرگرمیوں کو آسان بنانے کے سلسلے میں ایک اہم اقدام کے طور پر الیکٹرانک امپورٹ فارم (EIF) کی عارضی چھوٹ دی ہے۔ اس بات کا فیصلہ قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر معید یوسف کی زیر صدارت افغانستان کے بین الوزارتی رابطہ سیل (AICC) کے اجلاس کے دوران کیا گیا۔یہ چھوٹ ابتدائی طور پر 45 دنوں کیلئے ہے جو وزیر اعظم کی جانب سے افغانستان میں ممکنہ انسانی اور معاشی بحران سے نمٹنے میں مدد کرنے کی ہدایات کی تعمیل کے طور پر دی گئی ہے۔ چونکہ متعلقہ بینک درآمدات کیلئےلین دین کیلئے ای آئی ایف جاری نہیں کر رہےتھے اس لیے طورخم اور چمن بارڈر کراسنگ پر مال بردار گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔تاہم اب نئے اقدامات سے افغانستان سے درآمدات الیکٹرانک امپورٹ فارم کی لازمی ضرورت کے بغیر ممکن ہونگی۔