سرکاری محکمے ضرورت کے مطابق نشستیں متعارف کرائیں:وزیر خزانہ

10 فروری ، 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں کہا ہے کہ سرکاری محکموں میں منظور شدہ غیر ضروری نشستوں پر بھرتیوں کی بجائے ضرورت کے مطابق نشستیں متعارف کرائی جائیں گی، محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ تمام سرکاری محکموں میں منظور شدہ نشستوں پر نظر ثانی کے بعد نشستوں کی معقولیت کو یقینی بنائیں گا۔ ذاتی وسائل سے اخراجات پورے کرنے والی منافع بخش نیم سرکاری کمپنیاں اور اتھارٹیز ضرورت کے مطابق بھرتیوں کی مجاز ہونگی۔ سرکاری فنڈنگ سے چلنے والی کمپنیاں نئی نشستوں پر بھرتیوں سے قبل منظوری لیں گی۔ بھرتیوں پر پابندی کے نوٹیفیکیشن پر نظر ثانی کی جائے گی۔ منظور شدہ کلیدی نشستوں پر بھرتیوں کو پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائیگا۔ سرکاری محکموں، کمپنیوں اور اتھارٹیز میں خالی سربراہی نشستیں اداروں کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہیں، ایسی تمام نشستوں پر بلا تاخیر بھرتیوں کو یقینی بنایا جا ئے۔