نااہلی کا فیصلہ کوئی بڑی بات نہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا پہلے ہی سے پتا ہوتا ہے،فواد چوہدری

10 فروری ، 2022

پشاوراسلام آباد(نمائندہ جنگ، این این آئی) فیصل واوڈا کی نااہلی کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ نااہلی کا فیصلہ کوئی بڑی بات نہیں، الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا پہلے ہی سے پتا ہوتا ہے،چھوٹے موٹے چو ہے دوڑیں گے تو شور تو مچے گا، طوفان کہیں نہیں آیا،جبکہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلوں کا پہلے ہی سے پتہ ہوتا ہے‘ فیصل واوڈا کی نااہلی کوئی بڑی بات نہیں اس کے خلاف عدالت سے رجوع کرینگے ۔ بدھ کوپشاور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کے کیس میں پیشی کے موقع پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ فیصل واوڈا کی نااہلی کا فیصلہ کوئی بڑی بات نہیں ‘ چھوٹے موٹے چوہے دوڑیں گے تو شور تو مچے گا مگرطوفان کہیں نہیں آیا۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ فیصل واڈا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، گزشتہ روز علی امین گنڈا پور کے بھائی کو بھی سپریم کورٹ نے اسٹے دیا تھا۔