چور میرے خلاف اکٹھے ہورہے ہیں، عدالتیں انہیں کب تک تاریخیں دیں گی، عمران خان

10 فروری ، 2022

فیصل آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بڑے چوروں کو سزا نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان تباہ حال ہوا‘قبضہ گروپوں اور ظالموں کو قانون کے نیچے لاؤں گا‘پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ ٹاٹا اور برلا کی جگہ شریف اور زرداری آ جائیں‘ آصف زرداری کے پیٹ سے پیسے پی ٹی آئی نے نہیں ن لیگ نے نکالنے تھے‘ ایک دوسرے کے پیٹ پھاڑکر پیسہ نکالنے کے دعوے کرنیوالے سارے بڑے چورآج میرے خلاف اکھٹے ہو رہے ہیں‘ یہ اپنے کیسز میں لمبی لمبی تاریخیں مانگ لیتے ہیں ‘جج لمبی لمبی تاریخیں دے رہاہے کیس نہیں سنتالیکن سنناتو ہے اورجب بھی سنے گاپھر انہیں جیلوں میں جانا ہے ‘اس لئے یہ مجھ سے ڈر رہے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ میری حکومت جلد ختم ہو‘زرداری پیسے سے لوگوں کو خریدتا ہے‘ملک کے سیاستدان کھانسی کے علاج کیلئے بھی لندن چلے جاتے ہیں ‘ دل کی بیماری والا شخص اپنی فیکٹریاں دیکھنے جارہا ہےاور یہاں کے وکیل کہتے ہیں انہیں پھر سے موقع دو‘سندھ کا لیڈرجو 13 سال میں صحیح اردوبولنا نہیں سیکھا ‘جو کہتا ہے بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے، کیا سندھ کے اس لیڈر نے لوگوں سے پوچھا تم پر کیا گزرتی ہے ‘ سندھ کے اس لیڈر کو صوبے کے اسپتالوں کا بھی علم نہیں‘شہباز شریف کی تقریر نوکری کی درخواست ہوتی ہے ‘ ڈاکوئوں سے نرمی نہیں برتوں گا‘نیوٹرل امپائر بٹھا کر دیکھیں پنجاب میں ماضی میں کیا ہوااوراب کیا ہورہا ہے۔ بدھ کویہاں نیا پاکستان صحت کارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جن لوگوں نے اپنی عوام کی صحت کی ذمہ داری اٹھانی تھی وہ کھانسی پر بھی لندن ، امریکا ، دبئی جارہے ہیں، انہیں کیا معلوم عوام کس حالت ہیں ہے۔مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج سے چند سال پہلے یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کو چور کہتی تھیں، زرداری کو جیل میں تحریک انصاف نے نہیں مسلم لیگ (ن) نے ڈالا تھا۔پاکستان اس لیے نہیں بنایا تھا کہ ٹاٹا اور برلا کی طرح نواز شریف اور زرداری امیر ہوجائیں، ڈاکٹر اور نرسز کا فقدان اچانک نہیں ہوا بلکہ حکمران طبقے نے ملک میں عوام کے لیے ایک الگ جبکہ اپنے لیے الگ پاکستان بنادیا۔وزیر اعظم نے بلاول بھٹو کو مخاطب کیے بغیر کہا کہ وہ کہتے ہیں ہم ہیلتھ انشورنس پر نہیں بلکہ اسپتالوں پر پیسے خرچ کریں گے، تو آپ 13 سال سے کیا کر رہے ہیں، آپ ہسپتالوں پر ہی پیسے خرچ کرلیں۔آپ کوروکا کس نے ہے ؟۔ زرداری صاحب چوری کے پیسے سے صرف لوگوں کو خریدتے ہیں۔میں صرف سیاست میں ان دو خاندانوں کی وجہ سے آیا تھا جو کئی سال سے پاکستان کو لوٹ رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ایک مریض لندن علاج کروانے گیا تھا، کہا گیا کہ انہیں دل کی بیماری ہے اور دل کی بیماری کے ساتھ سیڑھیوں پر چل رہے ہیں، اور یہاں کے وکیل کہتے ہیں کہ انہیں پھر سے موقع دو ان کی تاحیات پابندی ختم کرو۔جب ملک کر تباہ کرنا ہو تو بم مارنے کی ضرورت نہیں، کرپشن عام کردو، جب کرپشن سے عام ہوگی تو کوئی محنت کیوں کرے گا۔انہوںنے کہاکہ تمام قبضہ گروپوں کو ہم نے اس قانون کے نظام کے نیچے لانا ہے جس دن یہ ہوگیا تو سمجھ لیں تبدیلی آگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اس کے تحت نئے معاہدے کیے گئے‘ساری دنیا دیکھے گی کہ پنجاب صرف اشتہاروں میں نہیں حقیقت میں بھی ترقی کر رہا ہے۔دریں اثناءعمران خان کی زیر صدارت گوجرانوالہ ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں متعلقہ حلقوں کے سیاسی امور اورترقیاتی منصوبوں پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ اپنےاپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کریں اور عوام کے مسائل کے جلد از جلد حل کے لیےضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کریں۔ وزیراعظم نے انہیں آنے والے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے پارٹی کارکنان کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔