جسٹس (ر)ثاقب نثار آڈیو میں ردو بدل نہیں ہو ا، امریکی فارنزک ادارے کی تصدیق

24 نومبر ، 2021

اسلام آباد(این این آئی) فارنزک کے ماہرامریکی ادارے نے کہا ہے کہ جسٹس (ر) ثاقب نثار سے منسوب آڈیومیں کو ئی ردوبدل نہیں ہو ا، ادارے نے صداقت کی تصدیق کردی۔فورنزک کے ماہر امریکی ادارے نے سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) ثاقب نثار سے منسوب آڈیو فائل کی صداقت اور درستی کی تصدیق کی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق سابق چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ جاری کرنے والے ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم ʼفیکٹ فوکسʼ نے کہا کہ فیکٹ فوکس نے یہ آڈیو دو ماہ قبل حاصل کی تھی اور ملٹی میڈیا فرانزک میں مہارت رکھنے والی ایک معروف امریکی فرم سے اس کی جانچ کرائی تھی۔گیریٹ ڈسکوری(Garrett discovery)کے پاس سرکردہ ماہرین کی ٹیم ہے جس کے پاس امریکی عدالتوں کے سامنے شواہد پیش کرنے، ان کا تجزیہ کرنے اور عدالتی گواہی دینے کا طویل تجربہ ہے۔فرم کی تجزیاتی رپورٹ آڈیو فائل کی صداقت اور درستی کی تصدیق کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ اس آڈیو میں کسی بھی طرح سے کوئی کاٹ پیٹ نہیں کی گئی ہے۔ تجزیاتی فرم نے آڈیو کا سپیکٹروگرام ملاحظہ کیا اور گواہی دی کہ آڈیو میں ایک لمحے کا بھی رخنہ موجود نہیں، اگر سپیکٹروگرام میں کوئی رخنہ ہوتا تو وہاں سپیکٹروگرام میں سیاہ رنگ کا خلا موجود ہوتا۔ سپیکٹروگرام میں سیاہ رنگ کا کوئی خلا نظر نہیں آیا اور آڈیو کے شروع اور آخر میں سیاہ خلا یہ نشان دہی کرتا ہے کہ آڈیو کہاں سے شروع اور کہاں پر ختم ہوئی۔ریکارڈنگ کے 2 اعشاریہ 8 سیکنڈ بعد ریکارڈنگ بٹن کے کلک کرنے کی آواز سنائی دیتی ہے۔خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار سے منسوب ایک مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان کی جگہ بنانےکے لیے نواز شریف کو سزا دینی ہوگی، مریم نواز کو بھی سزا دینی ہوگی۔دوسری جانب سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے خود سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی تردیدکی ہے۔