طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں،ضروری نہیں امریکا کے ساتھ ہر معاملے پر اتفاق ہو،نگراں وزیراعظم

27 اگست ، 2023

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تعمیری، مثبت اور طویل المدت شراکت داری چاہتے ہیں ،تاہم ضروری نہیں امریکا کے ساتھ ہر معاملے پر اتفاق ہو، اقوام کے درمیان مختلف امور پر اتفاق اور اختلاف رہتا ہے تاہم امریکہ کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کیلئے امریکا کے ساتھ قریبی تعاون ہے، پاکستانی عوام بہت باصلاحیت ہیں اور موجودہ بحرانوں پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،ریاست اور عوام کے درمیان ایسے سماجی معاہدے پر یقین رکھتے ہیں جہاں حقوق کا تحفظ ہو، جمہوریت ہی پارلیمان کی مضبوطی کی ضامن ہے، ہر ذمہ دار معاشرے کی طرح ہم بھی اپنے شہریوں کی فلاح وبہبود چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبا سے ملاقات اور سوال وجواب کی نشست کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے ہاورڈ یونیورسٹی کے طلبا کی وزیراعظم آفس آمد پر خیر مقدم کیا ، نگراں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل تسلسل سے جاری ہے،دریں اثناء نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس ہوا،اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ ملک اور قوم کا تحفظ اور ملک میں عوام کے لیے محفوظ ماحول کو برقرار رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے،وفاقی اور صوبائی سطح پر عوام کو معاشی اور اقتصادی ترقی کے مزید مواقع فراہم کیے جائینگےوسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لانے کیلئے جدید اور تخلیقی حکمت عملی تشکیل دینا ناگزیر ہے،علاوہ ازیں وزیراعظم سے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے کوئلے کی کان کن کمپنیوں کے وفد نے ملاقات کی ،اس موقع پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہے ، کان کنی میں بین الاقوامی معیار کو ملحوظِ خاطر رکھے بغیر ان معدنیات سے مطلوبہ فوائد حاصل نہیں کئے جا سکتے،وفد نے وزیرِ اعظم کو بلوچستان میں کوئلے کی کان کنی کی صنعت کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جس پر وزیرِ اعظم نے وفد کو انکے مسائل حل کرنیکی یقین دہانی کرائی،علاوہ ازیں وزیراعظم نے کوئٹہ میں بلوچستان میں آبپاشی اور واٹر سپلائی کے منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے بلا ئے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ بلوچستان میں زراعت کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مکمل طور پر فائدہ نہیں اٹھایا گیا،بلوچستان میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائیگا، آبپاشی کے معاملے پر بین الصوبائی تحفظات کو جلد دور کیا جائیگا تاکہ ملکی ترقی کا پہیہ تیز تر چل سکے اور وفاق مضبوط ہو،دریں اثناء نگران وزیراعظم نے ایک ٹوئٹ میں کہاکہ پنجرہ پل کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے ، انہوں نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایات دی ہیں کہ پنجرہ کا اصل پل بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ کوئٹہ اور جیکب آباد کے درمیان سفر کرنیوالوں کو سہولت پہنچائی جا سکے، نگراں وزیراعظم سے سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی جان محمد جمالی ،گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے الگ الگ ملاقاتیں کیں ملاقات کی،گورنر بلوچستان نے وزیر اعظم کو صوبے کے انتظامی امور اور امن و امان کی صورتحال سے آگاہ کیا ۔