افغانستان کو ہرا کر پاکستان نے آسٹریلیا سے نمبر ون رینکنگ چھین لی

27 اگست ، 2023

لاہور،کراچی(نیوز رپورٹر،اسٹاف رپورٹر)بابر اعظم کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیااور عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا اور آسٹریلیا کو نمبر ایک رینکنگ سے محروم کردیا۔اس سال دوسرا موقع ہے جب پاکستانی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آئی ہے ۔ہفتے کی شب تیسرے ون ڈے انٹر نیشنل میں پاکستان نے افغانستان کو59رنز سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے اپنے نام کرلی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے8 وکٹ پر268رنز بنائے جواب میں افغانستان کی ٹیم209 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔پاکستانی بولنگ کے خلاف مجیب الرحمن نے افغانستان کے لئے تیز تین نصف سنچری صرف26گیندوں پر بنائی۔وہ 37گیندوں پر64رنز بناکر ہٹ وکٹ ہوئے۔ پاکستان آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں 119پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پرآسٹریلیا کی ٹیم 118پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور بھارت 113پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔افغانستان کیخلاف سیریز کے آغاز سے قبل پاکستان 116پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر تھا۔پاکستان ٹیم دوسری مرتبہ ون ڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آئی ہے پا۔کستان نے اس سال مئی میں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز جیت کرپہلی پوزیشن حاصل کی تھی ۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے اس سال 11 میں سے 8 ون ڈے میچز جیتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا اگلا ون ڈے اسائنمنٹ ایشیا کپ ہے۔پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے42رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور محمد نواز نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔افغانستان کی اننگز کو پاکستانی بولروں نے سنبھلنے کاموقع نہیں دیا۔فہیم اشرف نے سیریز میں واحد سنچری بنانے والے رحمٰن اللہ گرباز کو 5 رنز کے انفرادی پر آؤٹ کردیا، جس کے بعد ابراہیم زردان کو صفر پر آؤٹ کیا۔جس کے بعد تین رنز پر تین وکٹ گر گئے اور افغانستان کی آدھی ٹیم62رنز پر پویلین لوٹ گئی۔شاداب خان نے ایک اوور میں دو وکٹ حاصل کئے۔ شاداب نےریاض حسن 34 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کیا تھا کہ شاداب خان نے حشمت اللہ شاہدی کی 13 رنز کی اننگز کو تمام کیا۔آغا سلمان نے 22 ویں اوور میں گلبدین نائب کو کھاتہ کھولنے کی اجازت نہیں دی اور صفر پر آؤٹ کیا۔ قبل ازیں پریما داسا اسٹیڈیم میں پاکستان نے ٹاس جیت کر اننگز کا آغاز سست روی سے کیا لیکن مشکل پچ پر پاکستان نے مقررہ اوورز میں8وکٹ پر268رنز بنائے۔پچ اسٹروک پلے کے لئے ساز گار دکھائی نہیں دے رہی تھی۔ناہموار باونس والی پچ پرفخرزمان اور امام الحق نے اوپننگ شراکت میں 36 رنز بنائے ۔فخرزمان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔امام الحق نے پہلے دونوں میچوں میں نصف سنچریاں بنائی تھیں تاہم تیسرے میچ میں ناکام ہوئے اور 30 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد 13 رنز بنائے اور ٹیم کو 52 کے اسکور پر چھوڑ گئے۔افغانستان کی ٹیم میں آخری میچ میں جگہ بنانے والے بولر گلبدین نائب نے پاکستان کی ابتدائی وکٹیں حاصل کیں۔اس موقع پر بابر اعظم اور محمد رضوان نے 145گیندوں پر110رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستانی بیٹنگ کا مشکلات سے نکالا۔پاکستان کا اسکور 37 ویں اوور میں 162 پر پہنچا تھا کہ کپتان بابراعظم 60 رنز کی انفرادی اننگز پر راشد خان کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے گئے۔انہوں نے86گیندیں کھیلیں ان کی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے شامل تھے۔محمد رضوان نےسب سے زیادہ67رنز79گیندوں پر ایک چھکے اور چھ چوکوں کی مدد سے اسکور کئے۔سلمان آغا اور محمد نواز کی شراکت میں 61رنز41گیندوں پر بنے۔محمد نواز نے 25 گیندوں پر دو چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 30 رنز بنائے، انہیں فضل حق فاروقی نے آؤٹ کیا۔سلمان آغا نے 31 گیندوں پر 4 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 38 اور شاہین شاہ آفریدی 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاداب خان 3 رنز بنا کر مجیب الرحمٰن کی گیند سمجھنے میں ناکام رہے۔سعود شکیل نے قدرے جارحانہ انداز اپنایا اور 6 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 9 رنز بنائے لیکن رحمٰن اللہ گرباز نے انہیں رن آؤٹ کردیا۔فہیم اشرف نے دو رنز بنائے۔افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب اور فرید احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔