قصور ہسپتال کادورہ،بزرگ شہریوں کو گھروں کی دستاویزات دہلیز پر ملیں گی،وزیراعلیٰ محسن نقوی

27 اگست ، 2023

لاہور (نیوزرپورٹر،خصوصی رپورٹر) نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے ایل ڈی اے میں درخواستیں جمع کرانے والے شہریوں کو ان کی دہلیز پر دستاویزات یا این او سیز فراہم کر نے کی ڈلیوری سروس ”دستک“ کا آغازکرادیاہے،وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایل ڈی اے گورننگ باڈی کے اجلاس میں گھروں میں دستاویزات کی فراہمی کے پروگرام کی منظوری دی گئی- 75 سال سے زائد عمر کے بزرگ درخواست گزاروں کو دستاویزات ان کے گھر پر فری فراہم کی جائیں گی ، اجلاس میں ٹیپا میں ایم اینڈ آرڈائریکٹوریٹ قائم کرنے ، ایل ڈی اے کی پراپرٹی پر بل بورڈز نصب کرنے کے منظوری دی گئی اورسیوریج ٹرنک انفراسٹرکچر چارجزکے ازسر نو تعین کے لئے کمیٹی کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا- اجلاس میں بڑی پرائیویٹ آبادیوں میں سیوریج اور ڈرینج چارجز کااز سر نو جائزہ لینے کے لئے قائم کمیٹی نے رپورٹ پیش کی-اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اکبر چوک فلائی اوورز کے ساتھ کالج روڈ بھی بنے گی، اجلاس میں پراجیکٹ میں کالج روڈ کی تعمیر وتوسیع شامل کرنے کے لئے ترمیم شدہ پی سی ون کی منظوری دی گئی- اجلاس میں نئے تعمیر شدہ سپورٹس کمپلیکس کے انتظامی امور کا جائزہ بھی لیا گیا ،علاو ہ ازیں وزیر اعلی پنجاب نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال قصور کا دورہ کیا ، مریضوں کی عیادت کی اورہسپتال میں مہیا کردہ طبی سہولتوں ، مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی پوچھا-مریضوں نے ہسپتال میں سہولتوں پر اطمینا ن کا اظہارکیا- پارکنگ کی اوورچارجنگ کی شکایات کے فوری ازالے کا حکم دیا- وزیر اعلی نے کہا کہ مریضوں کومفت ادویات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔امیر کی طرح غریب آدمی کو بھی معیاری علاج معالجے کی سہولتیں ملنی چاہئیں۔