ایشیا کپ:پاکستان کا سری لنکا کو جیت کیلئے 253رنز کا ہدف

15 ستمبر ، 2023

کولمبو (جنگ نیوز) پاکستان نے ایشیا کپ کے اہم میچ میں سری لنکا کو جیت کیلئے253رنز کا ہدف دیا ہے۔ جمعرات کو کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت پر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کے باعث میچ کو 45، 45اوورز کی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا، تاہم پاکستانی اننگ کے دوران دوبارہ بارش سے کھیل روکے جانے پر میچ42اوورز فی اننگ تک محدود کردیا گیا۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن شروع میں ہی مشکلات کا شکار ہوگئی اور130رنز پر اس کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، تاہم اس کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان اور افتخار احمد کے درمیان108 رنز کی شراکت سے پاکستان کا سکور مقررہ 42 اوورز میں 252 رنز تک پہنچ سکا۔ پاکستان کے 7 کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 86 رنز کی ناقابلِ شکست اننگ کھیلی۔ اوپنر عبداللہ شفیق نے 52، افتخار احمد نے 47 اور بابر اعظم نے 29 رنز بنائے۔ سری لنکا کی جانب سے متھیشا پیترانا نے 65 رنز دے کر 3، پرامود مادھوشان نے 58 رنز دے کر 2، دونیتھ ویلالانگے نے 40 اور مہیش تھکشانہ نے 42 رنز دے کر ایک، ایک وکٹ لی۔ آخری خبریں آنے تک سری لنکا نے اپنی اننگ کا آغاز نہیں کیا تھا۔