انتشار انگیز تقاریر،کیپٹن( ر) صفدر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

15 ستمبر ، 2023

لاہور (اے پی پی)لاہور کی ضلع کچہری کی جوڈیشل عدالت نے انتشار انگیز تقاریر اور پولیس اہلکاروں سے جھگڑا کرنے کے الزام میں درج مقدمہ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد ،مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن( ر) صفدر کی بریت کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔جوڈیشل مجسٹریٹ بلال منیر وڑائچ نے کیس کی سماعت کی ۔گزشتہ روزسماعت پر کیپٹن( ر) صفدر اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری لگائی۔عدالت کے روبرو بریت کی درخواست میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کو فرائض انجام دہی سے روکنے کا جھوٹا الزام ہے،مقدمہ میں ان سمیت 10 سے 12 نامعلوم ملزموں کا ذکر ہے، نامعلوم ملزموں میں سے کسی کو بھی ٹرائل میں شامل نہیں کیا گیا، جبکہ کسی پولیس اہلکار کی وردی پھٹنے کا ذکر بھی صفحہ مثل پر موجود نہیں جبکہ کار سرکار میں مداخلت کی وڈیو کی کوئی فرانزک رپورٹ پیش نہیں کی گئی،اسی طرح فوٹوگرامیٹک ٹیسٹ رپورٹ بھی صفحہ مثل پر موجود نہیں، انکے وکیل نے استدعا کی کہ کیپٹن( ر) صفدر کو مقدمہ سے بری کیا جائے۔ عدالت نے بریت درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ۔