عوام کا جانی و مالی تحفظ اولین ترجیح ، صوبہ بھر میں یکساں آئی ٹی نظام متعارف کرایا جائے، وزیر اعلیٰ ڈومکی

15 ستمبر ، 2023

کوئٹہ (خ ن)نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی بین الاقوامی شناخت میں گندھارا کی تہذیب کلیدی اہمیت کی حامل ہے بلوچستان میں قدیم تہذیب پر مشتمل مقامات کے تحفظ کے لئے اقدامات کو مؤثر اور بار آور بنایا جاررہا ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا کی تجاویز کا جائزہ لیکر جاری اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں نگران وفاقی وزیر مملکت و وزیر اعظم ٹاسک فورس برائے گندھارا کے چیئرمین ڈاکٹر رمیش کمار سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر رمیش کمار نے قلات سمیت صوبے کے مختلف مقامات میں ہندو اقلیتی کمیونٹی کے تحفظ اور ہنگلاج ماتا مندر کی بہترین دیکھ بھال کیلئے بلوچستان حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔جبکہ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پاکستان ہندؤ کونسل کو دیگر صوبوں کے مساوی سالانہ فنڈز کے اجراء کے لیے دی گئی درخواست پر زیر التواء سمری طلب کرتے ہوئے وسائل کے مطابق اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔درایں اثناءنگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی سے جمعرات کو نگران وزیر داخلہ و قبائلی امور میر زبیر خان جمالی اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ صالح محمد ناصر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان سمیت مجموعی انتظامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ، نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں عوام کا جانی و مالی تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔علاوہ ازیں اندرون بلوچستان لیویز تھانوں میں دستیاب اسلحہ ،ساز و سامان ، نفری کی حاضری اور کرائم رپورٹنگ سمیت ساٹھ سے زائد فیچر پر مشتمل جدید سوفٹ ویئر محکمہ داخلہ بلوچستان کے حوالے کر دیا گیا یہ سوفٹ ویئر وزیر اعلیٰ ڈیلیوری یونٹ کی جانب سے تخلیق کیا گیا ہے جمعرات کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے یہ جدید سوفٹ ویئر نگران صوبائی وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی کے حوالے کیا اس موقع پر سی ایم ڈی یو کی جانب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ابتدائی طور یہ سوفٹ وئیر ڈائریکٹر جنرل لیویز فورس کی درخواست پر تخلیق کیا گیا اور اس میں ساٹھ سے زائد فیچر ہیں سی ایم ڈی یو کی ٹیم ابتدائی طور پر اندرون بلوچستان کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر دفاتر اور لیویز فورس کے کلریکل اسٹاف کو اس سوفٹ ویئر کے استعمال سے متعلق تربیت فراہم کرے گی۔ نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے چیف منسٹر ڈیلیوری یونٹ کی اس کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید سوفٹ ویئر بروقت اور فوری کرائم رپورٹنگ کے ساتھ ساتھ وسیع المقاصد معلوماتی فیچرز پر مبنی ہے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ہدایت کی کہ جدید سوفٹ ویئر اور آئی ٹی ٹیکنالوجی کو تمام محکموں سے مربوط کرکے گورننس کی بہتری کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھائے جائیں اور لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹ سمیت اہم دستاویزات کے اجراء کے لئے صوبے بھر میں یکساں نوعیت کا آئی ٹی نظام متعارف کرایا جائے تاکہ سسٹم میں شفافیت کے ساتھ ساتھ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔