PIAمالی بحران ، نجکاری کا عمل تیز کیا جائے ، وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس

15 ستمبر ، 2023

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ پی آئی اے مالی بحران کا شکار ہے، کی نجکاری کے عمل کو تیز کیا جا ئے۔انہوں نے یہ ہدایت پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران دی ۔اجلاس میں وزیراعظم کو پی آئی اے کی نج کاری اور دیگر معاملات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ صارفین کو بین الاقوامی معیار کے ہوائی سفر کی فراہمی کے لیے قومی ائیرلائن کی جلد نجکاری نا گزیر ہے۔وزیراعظم نے فواد حسن فواد کو اپنی ٹیم میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور وزارت نجکاری کے زیر نگرانی پی آئی اے کی نجکاری کے عمل کو جلد از جلد تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے گزشتہ روز نگران وزیرِ تجارت گوہر اعجاز نے ملاقات کی۔ملاقات میں وزیرِ تجارت نے وزیر اعظم کو وزارت کے ملکی برآمدات کے فروغ کیلئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ادھر زیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ تجارت، زراعت، توانائی، کان کنی، آئی ٹی اور دفاع میں تعاون کو مزید فروغ دےسکتے ہیں، وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یہ بات گزشتہ روز ترکیہ کے سفیر مہمت پیکاسی سے ملاقات کے دوران کہی ۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے صدر رجب طیب اردوان اور ترک قیادت کی طرف سے عہدہ سنبھالنے پر تہنیتی پیغامات پر شکریہ ادا کیا۔