ولادیمیرپیوٹن اور کم جونگ ان نے ایک دوسرے کو رائفل کا تحفہ دیا،کریملن

15 ستمبر ، 2023

ماسکو (اے ایف پی) کریملن نے گزشتہ روز کہا کہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے ایک دوسرے کو رائفلیں تحفے میں دیں ولادیمیر پیوٹن مغربی ممالک کی جانب سے بے دخل کیے گئے دیگر سخت گیر رہنماؤں کے ساتھ اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اورہتھیاروں کے معاہدے پر اتفاق کی قیاس آرائیوں کے فوران انہوں نے کِم جونگ ان سے ملاقات کی ۔کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے میڈیا کوبتایا کہ ولادیمیر پیوٹن نے شمالی کوریا کے صدر کو ہماری پیداوار سے اعلیٰ ترین کوالٹی کی ایک رائفل تحفہ میں دی۔دیمتری پیسکوف نے کہا کہ ولادیمیرپیوٹن نے کم جونگ ان کو کئی بار خلا میں جانے والے اسپیس سوٹ سے ایک دستانہ بھی دیا ، جب کہ روسی صدر نے شکریہ کے ساتھ شمالی کوریا کے دورے کی دعوت قبول کی۔انہوں نے کہا کہ کِم جونگ ان کا دورہ روس مزیدکچھ دن جاری رہے گا۔یاد رہے کہ شمالی کوریا کے رہنما منگل کو روس پہنچےتھے۔دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستانہ تعلقات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں ،جب روس کو یوکرین پر حملے کے ردعمل میں مغرب اور اس کے کچھ روایتی شراکت داروں کی جانب سے تنہائی کا سامنا ہے۔امریکی حکام اور ماہرین نے کہا ہے کہ روس یوکرین میں استعمال کرنے کے لیے شمالی کوریا سے گولہ بارود خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے، اس اقدام کے حوالے سے وائٹ ہاؤس نے خبردار کیا ہے کہ اس کے نتائج برآمد ہوں گے۔