لندن میں ن لیگ کا اجلاس ، قانونی ٹیم نواز شریف کو وطن واپسی کیلئے کلیئرنس دےدی ، راجہ ریاض پارٹی میں شامل

18 ستمبر ، 2023

اسلام آباد؍ لندن (مرتضیٰ علی شاہ/ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف کوقانونی ٹیم نے 21اکتوبر کو وطن واپسی کیلئے باقاعدہ کلیئرنس دے دی۔ نوازشریف کی وطن واپسی کی راہ میں کوئی قانونی مشکل حائل نہیں۔ میڈیا رپورٹس اور لندن سے جنگ کے نمائندے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز نے شرکاء کو بریفنگ دی، اجلاس میں شہباز شریف، اسحاق ڈار ، عطاء تارڑ سلیمان شریف ودیگر رہنماء شریک ہوئے۔قانونی ٹیم نے نوازشریف کو وطن واپسی کیلئے کلیئرنس دے دی ہے، نوازشریف کی وطن واپسی کی راہ میں کوئی قانونی مشکل حائل نہیں۔ بریفنگ میں قائد ن لیگ نوازشریف کو یقین دہانی کرائی گئی کہ نیب ترامیم کیس کے فیصلے کا نوازشریف کے کیسز سے کوئی تعلق نہیں، اس فیصلے کا نوازشریف کے کیسز پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔وکیل امجد پرویز نے کہا کہ مریم نواز کا کیس میرٹ پر جیتا تھا، وہ کیس ہے وہی حقائق ہیں، وہی چیزیں نوازشریف کے کیس پر اپلائی ہوتی ہیں، ان کے خلاف تما م کیسز پولیٹیکل انجینئرنگ کا شاخسانہ تھے جبکہ اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نواز شریف وطن واپسی پر عدالت کے روبرو پیش ہوں گے۔نیب ترامیم سے نوازشریف یا شہبازشریف نے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا۔قانونی ٹیم نے نوازشریف کی پاکستان واپسی کیلئے لائحہ عمل تیار کرلیا ہے۔