پاکستان کو نئی شروعات کی ضرورت ، ملک کو انتقام ، ٹکرائو اور افراتفری سے نجات دلانا ہو گی، مریم نواز

18 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر اور چیف آر گنائزر مریم نواز شریف نے کہاہے کہ نوازشریف دشمنی کی سوچ اصل میں پاکستان دشمنی اور عوام دشمنی کی سوچ ہے،اللہ نے ہر بار نوازشریف کو پلس کیا ، ہر بار مائنس کرنے کی کوشش مائنس ہوگئی، دعاہے ترازو کے پلڑے سب کے لئے برابر ہوں، پارٹی کے مختلف ونگز کے اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ امید ہے نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کوʼʼ پراجیکٹʼʼ کے کارندوں کی ناانصافیوں سے نجات ملے گی،پاکستان کو ایک نئی شروعات کی ضرورت ہے، ملک کو انتقام، ٹکرائو اور افراتفری سے نجات دلانا ہوگی، ہماری لڑائی مہنگائی، معاشی بدحالی اور بیڈگورننس سے ہے، نوازشریف لوڈشیڈنگ ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز بھی اجلاسوں میں شریک ہوئے ۔ مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف کے بغض میں عوام کو سزا دی گئی، امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہوگی۔ مریم نواز نے کہاکہ صوبہ سندھ سمیت پاکستان کے کونے کونے میں ترقی کا سفر لے کر جائیں گے ۔ مریم نواز نے کہاکہ لوڈشیڈنگ ، دہشت گردی ختم کی تھی، اب مہنگائی میں کمی کا وعدہ پورا کریں گے۔ حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ وزیراعظم نوازشریف ہی پاکستان اور عوام کے دکھوں کا علاج ہے، عوام نوازشریف کو وزیراعظم نہیں بنارہے، اپنی خوش حالی کو یقینی بنارہے ہیں۔