27ویں سی این ایس اوپن گالف چیمپئن شپ محمد شبیر کےنام

18 ستمبر ، 2023

کراچی (کلثوم جہاں) محمد شبیر نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کرتے ہوئے 27ویں چیف آف دی نیول اسٹاف (سی این ایس) اوپن گالف چیمپئن شپ جیت لی جبکہ محمد بیگ دوسرے اوراحمد اشفاق تیسرے نمبر پر رہے ۔ 27ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپئن شپ کے آخر ی روز دفاعی چیمپئن نے 13-انڈر پر 274 کے اسکور کے ساتھ جیتا۔ احمد بیگ 275 اسکور کے ساتھ دوئم رہے جبکہ محمد اشفاق نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ فاتح محمد شبیر کو ٹرافی اور ایک کروڑ 11 لاکھ روپے انعامی رقم دی گئی۔ خواتین کے ایونٹ میں عانیہ فاروق لیڈیز ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہیں جبکہ حمیرا خالد نے دوسری اور ابہیا سید نے تیسری پوزیشن حاصل کی، سینئرپروفیشنل ایونٹ محمد طارق اور جونیئر پروفیشنل ایونٹ راشد بیگ نے جیتا۔ویٹرنز ایونٹ میں ظفر احمد خان کامیاب رہے، صائم سہیل جونیئر انڈر17 اور نیل اورنگزیب انڈر 15 چیمپئن بنے۔ مہمان خصوصی چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیمپئن شپ کےفاتحین کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارکباد دی اورایونٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کی انتھک کوششوں کوسراہا۔