فاطمہ قتل کیس کا تفتیشی افسر انسپکٹر بچل قاضی عدالت کی ہدایت پر تبدیل

18 ستمبر ، 2023

خیرپور(این این آئی)گھریلو ملازمہ فاطمہ قتل کیس کا تفتیشی افسر انسپکٹر بچل قاضی عدالت کی ہدایت پر تبدیل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق رانی پور کی حویلی میں تشدد سے کم سن ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت کی ہدایت پر کیس کے تفتیشی افسر کو تبدیل کر دیا گیا۔کیس کی تفتیش بچل قاضی سے لے کر ڈی ایس پی صفی اللہ سولنگی کے حوالے کر دی گئی، عدالت نے گزشتہ سماعت پر انسپکٹر بچل قاضی پر تفتیش کے حوالے سے عدم اطمینان کا اظہار کیا تھا اور کیس کی تفتیش ڈی ایس پی رینک کے افسر کے حوالے کرنے کے احکامات دیے تھے۔سابق تفتیشی افسر ایک ماہ کی تفتیش کے دوران ملزم اسد شاہ سے موبائل پن کوڈ تک حاصل نہیں کر سکا۔ادھر مقتولہ فاطمہ کی والدہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی کے قتل کے ملزمان ایک ماہ گزر جانے کے باوجود بھی گرفتار نہیں ہوئے، ملزمہ حنا شاہ اور ملزم پیر فیاض شاہ کو پولیس کیوں گرفتار نہیں کر رہی؟والدہ نے کہا کہ ملزم اسد شاہ کو ایئر کنڈیشن میں رکھا جا رہا ہے، موبائل کا پن کوڈ بھی پولیس کھلوانے میں ناکام ہے، مجھے انصاف نہیں ملا تو انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گی۔