عالمی برادری کشمیریوں کو مودی کی جارحیت سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے ، مشعال ملک

18 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال حسین ملک نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی نظر بند حریت رہنماؤں کی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا ہےکہ عالمی برادری کشمیریوں کو مودی کی جارحیت سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کرے۔اتوار کو ایک نجی نیوز چینل سےگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ ان کی رہائی میں فعال کردار ادا کرے اور بھارت سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ وادی میں میں انسانی حقوق کی منظم خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ مودی حکومت نے بدترین قسم کی انتہا پسندی اور فسطائیت کا سہارا لے کر اور مقبوضہ علاقے کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر کے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے تمام پرامن ذرائع کے دروازے بند کر دیے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تمام متعلقہ تنظیموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے اپنی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو حل کریں۔مشعال ملک نے کہا کہ ہندوستانی حکومت کشمیری سیاسی قیدیوں کی غیر قانونی نظربندیوں کی حمایت کر رہی ہے جنہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی ضمانت کے مطابق تنازعہ کشمیر کے سیاسی حل کے لیے پرامن جدوجہد کرنے پر سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا گیا ہے۔عالمی برادری کشمیریوں کو مودی کے جارحیت سے بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔