امن وامان کی صورتحال انتہائی تشویشناک وسنگین ہوتی جا رہی ہے ،ساجد میر

18 ستمبر ، 2023

فیصل آباد (صباح نیوز)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹرپروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ ملک میں لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال انتہائی تشویشناک وسنگین ہوتی جا رہی ہے ،الیکشن کی تاریخ دینا صدر کا کام نہیں، الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کے فوری بعدانتخابات کرائے،تمام اداروں کو آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا ہو گا،فیصل آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے ٹیکس کے نظام کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ممتاز عالم دین مولانا ضیاءالرحمٰن مدنی کا قتل سیکورٹی اداروں اور حکومت سند ھ کی کارکر دگی پر سوالیہ نشان ہے، ہم دہشت گر دی کے اس واقعہ کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کر تے ہیں کہ قاتلوں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچا یا جائے۔ بعدازاں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ساجد میر نے کہا کہ موجود ہ ملکی صورتحال سنگین سے سنگین تر ہوتی جا رہی ہے،بجلی گیس اور پٹرولیم کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ مہنگائی آسمان سے باتیں کر رہی ہے، احتساب کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے بلا تفریق ملکی قرضے ہڑپ کرنے والے اور ذخیرہ اندازوں کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کرنا ہو گا۔