مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی انسانی حقوق کی پامالی عروج پر پہنچ چکی ، صدر بیر سٹر سلطان

18 ستمبر ، 2023

اسلام آباد( جنگ نیوز)صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی نو لاکھ فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالی عروج پر پہنچ چکی ہے اور گزشتہ روز ضلع بارہ مولہ، کپواڑہ اور دیگر شہروں میں گھر گھر سرچ آپریشن کے دوران 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا گیا اور مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موبائل سروس بھی بند ہے جس سے مودی سرکار کی مقبوضہ ریاست میں دہشت گردی عیاں ہوتی ہے۔ یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں جموں وکشمیر حق خودارادیت موومنٹ انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سےملاقات میںانہوں نے کہا کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و بربریت بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ مودی اگلے سال بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کے لئے کوئی بھی فالس فلیگ آپریشن یا اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر سکتا ہےلہٰذا ہمیں بھارت کی سازشوں اور ریشہ دوانیوں کو عالمی سطح پر ہر فورم پر موثر انداز میں بے نقاب کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم کشمیری بھارتی مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کشمیری عوام کی آواز انٹرنیشنل کمیونٹی تک پہنچانے کے لئے اپنا رول ادا کریں اور مودی کی ہندوتوا پالیسیوں اور مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سفارتی سطح پر منہ توڑ جواب دینے اور مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اُجاگر کرنے کے لئے اُٹھ کھڑے ہوں۔انہوں نے کہا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا اُس وقت تک کشمیری چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ لہٰذا دنیا کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اُن کا حق خودارادیت دلوانے کے لئے آگے بڑھے۔