عوام کی زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے،ڈپٹی کمشنر

18 ستمبر ، 2023

میرپور (جنگ نیوز) ڈپٹی کمشنر چوہدری امجد اقبال نے کہاہے کہ حکومت آزاد کشمیر کی ہدایات پر عوام الناس کی زمینوں کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کیا جارہاہے اس سلسلہ میں تحصیل میرپور اور اسلام گڑھ کی زمینوں کے لینڈ ریکارڈ کو کمپوٹرائزڈ کرنے کا کام گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کیا گیا تھامختصر عرصہ میں دونوں تحصیلوں کے کل 177موضعات میں 63موضعات کے ریکارڈ مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہوچکا ہے جن کی نقول کی اجرائیگی کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ بقیہ موضعات کے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کے لئے ریونیو کا عملہ دن رات کوشاں ہے تاکہ عوام کو جلدپٹوار خانوں کے جھنجھٹ سے مکمل طور پر نکالا جاسکے۔جن موضعات کا لینڈ ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ ہوچکا ہے ان علاقوں کے لوگ اپنی زمینوں کی نقولات اس آئی ٹی سنٹر سے مقرر کردہ فیس بینک میں جمع کرواکر حاصل کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمپیوٹرائز ڈ اراضی ریکارڈ سنٹر کے دورہ کے دوران معائنہ اور ریکارڈ کی پڑتال کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔