پرویز الٰہی کیخلاف لاہور ماسٹر پلان کیس ڈسچارج، دہشتگردی مقدمے میں پھر زیر حراست

18 ستمبر ، 2023

لاہور ( این این آئی) عدالت نے لاہور ماسٹر پلان کرپشن کیس میں گرفتار سابق وزیراعلی پنجاب وصدر تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈر کی درخواست مستردکرتے ہوئے انہیں کیس سے ڈسچارج کر دیا تاہم دہشت گردی کے مقدمے میں راولپنڈی پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا جہاں آج ( پیر ) انہیں انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائے گا۔پرویز الٰہی کو راہداری ریمانڈ پر لاہور کی ضلع کچہری میں جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن کے روبرو پیش کیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام کی جانب سے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔پرویز الٰہی کے وکیل نے مقدمہ ڈسچارج کرنے کی استدعا کر تے ہوئے مزید کہا کہ پرویز الٰی کی گرفتاری بدنیتی پر مبنی ہے ۔دریں اثنا وکلا کے دلائل مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ ریحان الحسن نے پرویز الٰہی کے ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔بعد ازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا اور انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ تاہم پولیس کی جانب سے دہشت گردی کے مقدمے میں انہیں دوبارہ گرفتار کر لیا گیا۔ پرویز الٰہی کی دوبارہ گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے وکیل رانا انتظار نے بتایا کہ دہشت گردی کے کسی مقدمے میں راولپنڈی پولیس نے پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار کیا ہے۔