امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کا ڈنکا بجے گا، ن لیگ

18 ستمبر ، 2023

لندن، لاہور (نیوز ایجنسیاں) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کا ڈنکا بجے گا،آئین، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی عدل ممکن ہے، جبکہ نائب صدر ن لیگ مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج سے انصاف کی واپسی ہوگی، نوازشریف اور ان کے مظلوم ساتھیوں کو ’پراجیکٹ‘ کا رندوں کی ناانصافی سے نجات ملے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو چیف جسٹس پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہاہے کہ عدل آئین، قانون اور ضابطوں کی پاسداری سے ہی ممکن ہے، عوام عدل وانصاف کی فراہمی کے منتظر ہیں۔ شہباز شریف نے کہا امید ہے کہ دنیا میں پاکستان کی عدلیہ کی ساکھ اور نیک نامی میں اضافہ ہوگا، دعا ہے کہ نئے چیف جسٹس اپنی ذمہ داریوں میں سرخرو ہوں، آمین! سابق وزیراعظم نے نئے چیف جسٹس پاکستان کے لئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ امید ہے آج سے عدل کے ایوانوں میں انصاف کی واپسی ہو گی، دعا ہے ترازو کے پلڑے سب کیلئے برابر ہوں۔ پارٹی تنظیمی اجلاس سے خطاب کے دوران نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف اور اُن کے ساتھیوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے ناانصافیوں کا سامنا کیا، نوازشریف اور اُن کے ساتھی ہی ملک و قوم کو مسائل کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔