نواب شاہ،سڑک کی تعمیر کیلئے احتجاج،با اثر افراد مظاہرین پر ٹوٹ پڑے

18 ستمبر ، 2023

نواب شاہ (محمد انور شیخ بیورو رپورٹ)گاؤں مرید زرداری کے درجنوں افراد کو اسکول کے لئے پختہ سڑک اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے زرداری ہاوس پر احتجاج مہنگا پڑ گیا گاؤں مرید کے رہائشی زرداری برادری کے مظاہرین پرمبینہ طور پر پولیس کی موجودگی میں زرداری قبیلہ کے بااثر افراد ٹوٹ پڑے جبکہ انہوں نے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ بھئ کی جب کہ اس ہنگامہ آرائی کے دوران مظاہرین کو پولیس موبائلوں میں ڈال کر تھانے منتقل کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے نواحی گاؤں مرید خان زرداری کے درجنوں افراد کو گاؤں میں بینادی سہولیات کی فراہمی کے لئے زرداری ہاوس پر پر امن احتجاج اسوقت مہنگا پڑ گیا جب عابد زرداری ۔افسرزرداری ۔مختیار زرداری ۔ علی گل زرداری ۔رحمت اللہ زرداری کی قیادت میں زرداری ہاؤس پر پیپلز پارٹی کے جھنڈے لے کر پر امن احتجاج کرنے والوں پر قبیلہ کے بااثر زرداری برادری کے افراد نے ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے مظاہرین پر مکوں اور گھونسوں کی بوچھاڑ کردی جبکہ اس دوران اے سیکشن پولیس کی موبائل بھی وہاں پہنچ گئیں اور انہوں نے مظاہرینکو موبائلوں میں ڈالا اور تھانے منتقل کر دیا اس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گاؤں مرید زرداری کے مظاہرین عابد زرداری ۔ افسر زرداری ۔رحمت اللہ نے میڈیا کو بتایاکہ وہ مسلسل اسکول کے لئے پختہ راستے اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے قبیلہ کے بااثر افراد چاہتے ہیں کہ ہم اپنے بچےہ گاؤں کی بجائے شہر کے اسکولوں میں بھیجیں تاکہ ہم مہنگائی میں اخراجات برداشت نہ کرنے کی وجہ سے اپنے بچے نہ پڑھا سکیں اور ہم غریبوں کے بچے ان کی غلامی کریں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور میڈم فریال تالپور کی جانب سے ترقیاتی منصوبہ اور سرکاری ملازمتیں بھی بااثر افراد نے اپس میں بانٹ لی ہیں اور ہمیں محروم رکھا ہے تھانہ اے سیکشن پولیس نے مظاہرے میں شامل أٹھ افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ ایس ایچ او لطف اللہ مگسی نے بتایا کہ فریادی فریق کے پہنچنے پر گرفتار مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کیاجائگا آخری اطلاعات تک واقعہ کا مقدمہ درج نھیں ہوسکا تھا۔