پیپلز پارٹی صرف انتخابات کی بنیاد پر ٹمپریچر بڑھارہی ہے ،طلال چوہدری

18 ستمبر ، 2023

کراچی(ٹی وی رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی صرف انتخابات کی بنیاد پر ٹمپریچر بڑھا رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا، لیول پلیئنگ فیلڈ تمام سیاسی جماعتوں کیلئے چاہتے ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے پروگرام میں راجہ ریاض کی ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے کہا کہ راجا ریاض نے تو اپنے بیانات کی خود نفی کرکے نواز شریف کی لیڈر شپ کو قبول کیا ہے اور وہ سمجھتے ہیں کہ میاں نواز شریف ہی پاکستان کیلئے بہترین لیڈر ہیں اور ن لیگ بہترین پارٹی ہیں میں تو سمجھتا ہوں کہ راجہ ریاض نے تو خود اپنے بیانات کی نفی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ دینے کا فیصلہ پارلیمانی بورڈ کو کرنا ہے اورپارلیمانی بورڈ اپنے فیصلے تمام تر پہلوؤں کو دیکھ کر کرتا ہے ن لیگ ایک بڑی پارٹی ہے جس میں لوگ آتے بھی ہیں اور جاتے بھی ہیں ایسا نہیں ہے کہ اگر وہ آگئے ہیں تو کسی وفادار کی جگہ لیں گے یہاں پر جو وفادار ہیں پارٹی کے ساتھ ہیں پارٹی سب سے پہلے ان کا خیال کرتی ہے۔ پارٹی میں کھل کر بات ہوتی ہے تاہم جس کا جو بھی موقف ہو وہ پارٹی کے اندر تک ہی رہتا ہے تاہم جو فیصلہ ہوتا ہے وہ سب کا فیصلہ ہوتا ہے۔ مریم نواز کے بیان کہ لوٹوں کی جگہ صرف باتھ روم میں ہوتی ہے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ایسے ہوتے ہیں جو منتخب ہوکر آتے ہیں اور پھر پارٹی کو چھوڑ جاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی صرف انتخابات کی بنیاد پر ٹمپریچر کو بڑھارہی ہے اور وہ نان ایشو ہے ان کو ایشوز پر بات کرنا چاہئے۔ اس سوال کہ راجا ریاض کو پارٹی میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی سیاسی مجبوری تھی یا کہیں سے دباؤ تھا کے جواب میں طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے اور میرا نہیں خیال کہ پنجاب کے حوالے سے ہمیں کسی کی ضرورت ہو یا کوئی ہمیں بہت دباؤ میں لائے۔ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان لفظی جنگ پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ میں ان کی کسی بات کا جواب نہیں دوں گا آنے والے الیکشن کی وجہ سے ایک سیاسی ماحول کو گرم کیا جارہا ہے اور یہ نان ایشو ہے ایشو غریب کی روٹی، پاکستان کی معیشت ہے جس پر بحث ہونا چاہئے اور ان مسائل کا حل کس کے پاس ہے اس پر بات ہونا چاہئے۔ آپ نواز شریف کے تین ادوار اور شہباز شریف کا یہ ڈیڑھ سال بھی ہمارے کھاتے میں ڈال دیں لیکن یہ بھی دیکھیں کہ نواز شریف جب بھی حکومت میں آئے ہیں عوام کے مسائل حل ہوئے ہیں 2013سے 2018ء کی مثال موجود ہے جس میں سب سے کم مہنگائی تھی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اگر غریب کے مسائل کی بات کی جائے اور دوسری جانب سے کہا جائے کہ ہم اس کے جوابدہ نہیں ہیں تو ان کی بات بھی درست ہے کیونکہ وہ پابند تو نہیں ہیں جواب دیں تاہم پاکستان پیپلز پارٹی یہ سمجھتی ہے کہ وہ عام آدمی کو جوابدہ ہے۔ اس وقت جو ایشوز ہیں بالکل اس پرسب کو مل بیٹھ کر بات کرنا چاہئے۔ ہم نے ن لیگ پر کوئی الزام نہیں لگایا ہے ہم نے تو الیکشن کمیشن سے الیکشن کی تاریخ مانگی ہے اور ہمارا یہ مطالبہ کوئی غیرجمہوری نہیں ہے اگر الیکشن کمیشن سمجھتا ہے کہ ہمارا مطالبہ درست نہیں ہے تو وہ اس کا جواب دے اس پر کسی سیاسی جماعت کو تو جواب دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہل نہیں کی ہے ہم نے تو جو بھی بات کی ہے ان کے بیان کے جواب میں کی ہے ہم نے کبھی کسی کو گالی نہیں دی۔ حنیف عباسی نے بھٹو کے حوالے سے جو زبان استعمال کی اگر اس کا جواب پیپلز پارٹی دے تو اس کا مطلب یہ ہر گز نہیں ہے کہ ہم ماحول گرما رہے ہیں۔