تعلیم کے ذریعےنوجوانوں میں قومی وحدت کو فروغ دینا ممکن ،نواز شریف

18 ستمبر ، 2023

سیالکوٹ( نمائندہ جنگ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ تعلیم کے ذریعے ہم نوجوانوں میں قومی وحدت کو فروغ دے سکتے ہیں جس سے وہ مضبوط پاکستان کے لئے اپنا کردا ر ادا کرسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں اپنی رہائشگاہ پر سیالکوٹ یونیورسٹی کے چیئرمین فیصل منظور اور وی سی ریحان یونس سے نوجوانوں کے ملکی معیشت میں کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں نوجوانوں کی ملک کے مفادات اور سلامتی کے ساتھ تعلق کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے ہر سطح پر کام کرنا ہوگا اسکے لئے ہمیں تعلیم کے میدان میں ہونے والی جدید ریسرچ اور ٹیکنالوجی کو بھی بروئے کار لانا ہو گا تاکہ ملکی اقتصادی او ر معاشی صورتحال میں بہتری پیدا کرکے معاشرتی خرابیوں اور خامیوں کا خاتمہ ممکن بنایا جاسکے۔ چیئرمین سیالکوٹ یونیورسٹی فیصل منظور نے بتایا کہ سیالکوٹ یونیورسٹی نئی نسل کو درست سمت لیجانے اور انہیں انکے کیرئر میں کامیابی اور کامرانی حاصل کرنے کے لئے تمام تر مواقع فراہم کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے اس مقصد کے لئے انہوں نے لندن، ترکی سمیت مختلف ممالک کی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعلیمی وفود کے تبادلے اور یسرچ کے موضوعات پر ایم او یو بھی سائن کئے ہیں جو تعلیم کے فروغ میں معاون ثابت ہو نگے جس سے نوجوانوں کو ترقی کے بھر پور مواقع ملیں گے۔