گیس اور بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون جاری، ساندہ میں نیٹ ورک پکڑ ا گیا

18 ستمبر ، 2023

لاہور(سپیشل رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے،کرائم رپورٹر) لاہور سمیت مختلف شہروں میں سو ئی ناردرن نے گیس چوروں کے خلاف کریک ڈائون کے دوران کروڑوں روپے کی گیس چوری پکڑی لی ،جبکہ چیف ایگزیکٹو لیسکو کا کہنا ہے کہ گیارہویں روز کے آپریشن کے دوران تمام سرکل میں 755 کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ترجمان کے مطابق504 بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے222ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ34ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے ساندہ میں مین لائن سے متعدد گھروں میں گیس چوری کا نیٹ ورک پکڑ لیا، گلشن راوی، میں ڈائیریکٹ بائی پاس لگا کر ہوزری فیکٹری کا پورا سیٹ اپ پکڑنے کے بعد دو ملزم گرفتار کرلئے گئے۔ادھر ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ سال رواں میں اب تک8506بجلی چوروں کیخلاف 7899 مقدمات درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔