پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، کراچی میں جماعت اسلامی کا دھرنا، تاجروں کا احتجاجی مارچ

18 ستمبر ، 2023

لاہور،کراچی ، اسلام آباد (جنگ نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک ) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کیخلاف ملک کے کئی شہروں میں احتجاج کا سلسلہ جاری ، کراچی میں جماعت اسلامی کادھرنا ، تاجروں کی احتجاجی ریلی ، تاجر رہنماوں نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور بے امنی کیخلاف ملک گیر احتجاج کی دھمکی دے دی ہے، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے نگراں حکومت کو آئی ایم ایف کی کٹھ پتلی قرار دے دیا، فیصل آباد کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال کی دھمکی دے دی۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی کے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ احتجاج بڑے دھرنے میں تبدیل ہوچکا ہے۔ کراچی میں تاجروں نے ایم اے جناح روڈ پر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور امن وامان کی بد ترین صورتحال پر احتجاجی مارچ کیا، بولٹن مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر شریف میمن نے کہا کہ حکومت نے اگر پٹرول اور بجلی کی قیمتوں کو کم نہ کیا اور شہر کو امن و امان کا گہوارہ نہ بنایا تو تاجر ملک گیر احتجاج شروع کریں گے۔