پنجاب پولیس کے فرنٹ ڈیسک عملے کو ڈریس کوڈ کے مطابق لباس پہننےکاحکم

18 ستمبر ، 2023

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) پنجاب پولیس کےفرنٹ ڈیسک عملے کو ڈریس کوڈ کے مطابق لباس زیب تن کرنے کاحکم دے دیاگیا، اے آئی جی ایڈمن اینڈسیکورٹی برائے آئی جی پولیس پنجاب کی جانب سےپنجاب کے تمام آرپی اوز،سی پی اواور ڈی پی اوزکے نامجاری کئے گئے مراسلے میں کہاگیاہے کہ 9جولائی کوپنجاب پولیس کےفرنٹ ڈیسک عملے کے لیے ڈریس کوڈ جاری کیاگیا تھا جس کےمطابق صوبہ بھرکے تھانوں میں قائم فرنٹ ڈیسک پرکام کرنے والے مردسٹاف کے لئے سیاہ پتلون کے ساتھ گہرے نیلے رنگ کی ٹی شرٹ/کالر شرٹ یا کسی بھی رنگ کی شلوار قمیض ہمراہ سیاہ یا گہرے نیلے رنگ کی ویسٹ کوٹ ،جب کہ خواتین سٹاف کے لئے کسی بھی رنگ کی شلوارقمیض کے ہمراہ کالے یا گہرے نیلے رنگ کاسکارف یا شال استعمال کرنے کاحکم دیاگیاتھا ، آئی جی پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر میں فرنٹ ڈیسک کا عملہ سے فوری طور پر دئیے گئےڈریس کوڈ پر عمل کرایاجائے ۔