کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کا انکشاف، انڈین سفارتکار کو کینیڈا سے نکلنے کا  حکم

19 ستمبر ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ بھارت خالصتان رہنما ہردیپ سکھ نجار کے قتل میں ملوث ہوسکتا ہے ۔ پیر کو پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ جی 20اجلاس میں نریندر مودی سے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں انڈین ایجنٹس کے ملوث ہونے پر تشویش کااظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ بھارتی ایجنٹ سکھ رہنما کے قتل میں ملوث ہوسکتے ہیں۔ کینیڈین سرزمین پر قتل میں غیرملکی حکومت کا ملوث ہونا ہماری خودمختاری کیخلاف ہے کینیڈین وزیر خارجہ ملینی جولی نے کہا کہ ہم نے بھارت کے ہیڈ آف انٹیلی جنس کے سربراہ کو نکلنے کاحکم دے دیا ہے اور معاملات کی تحقیقات جاری ہیں۔ کینیڈا میں ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے بھارتی سفارتکار کا نام بناتے سے گریز کیا ہے۔ کینیڈین وزیر خارجہ ملینی جولی کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ انہوں نے جی ٹوئنٹی اجلاس میں نریندر مودی سے کینیڈا میں سکھ رہنما کے قتل میں انڈین ایجنٹس کے ملوث ہونے پر تشویش کا اظہار کیا تھا ۔