پاکستان کو برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا، نواز شریف

19 ستمبر ، 2023

لاہور (خصوصی نمائندہ ،نیوز ایجنسیز / ٹی وی رپورٹ) مسلم لیگ کے قائد میاں نواز شریف نےکہا ہے کہ ہمیں انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ہے ، پاکستان کو یہ برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا، مٹی پاؤ نہیں چلے گا، یہ مٹی پاؤ والا معاملہ نہیں ۔ جبکہ ن لیگ کی صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ 21؍ اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے پاناما اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماؤں نے گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے حمزہ شہباز ، احسن اقبال ، رانا ثناء اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔ پارٹی قائد نواز شریف کے استقبال کیلئے مرکزی سیکرٹریٹ میں سہولتی سینٹر اور انتظامی کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں۔ ادھر شہباز شریف لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوگئے۔