شام کے صدر بشار الاسد چین کا دورہ کل سے کریں گے

20 ستمبر ، 2023

دمشق (اے ایف پی)شام کے صدر کے دفتر نے گزشتہ روز بتایا کہ صدر بشار الاسد جمعرات سے چین کا دورہ کریں گے، 12 سال سے زائد عرصہ قبل شام کی خانہ جنگی شروع ہونے کے بعد ان کا کسی اتحادی ملک کا پہلا دورہ ہے۔تنازع کے دوران چین تیسرا غیر عرب ملک ہوگاجس کا صدربشارالاسد دورہ کریں گے، شام کی خانہ جنگی میں5 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ، لاکھوں بے گھر ہوئے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے اور صنعت کو نقصان پہنچا۔ایوان صدر نے ایک بیان میں کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے سرکاری دعوت پر بشارالااسد اور ان کی اہلیہ جمعرات سے چین کا دورہ کریں گے۔گزشتہ روز بیان میں کہا گیا کہ اس دورے میں بیجنگ اور ہانگزو میں متعدد ملاقاتیں اور تقریبات شامل ہیں، بیان میں مزید کہا گیاکہ بشارالاسد کے ہمراہ سیاسی اور اقتصادی وفدبھی ہوگا۔حکومت کے حامی اخبار الوطن نے کہا کہ بشارالاسد کی 23 ستمبر کو ہانگ زو میں ہونے والے ایشین گیمز کے افتتاحی تقریب میں شرکت کی متوقع ہے۔