عالمی تنازعات سے ایک ارب افراد متاثر ہورہے ہیں، امریکی صدر

20 ستمبر ، 2023

کراچی ، نیو یارک (مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی )امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ عالمی تنازعات سے تقریباً ایک ارب لوگ متاثر ہو رہے ہیں، امریکا سب کے لیے محفوظ، خوشحال، مساوی دنیا کا خواہاں ہے۔ صدر بائیڈن نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کا مستقبل آپ سب سے وابستہ ہے،کوئی قوم بھی حالیہ چیلنجوں کا تنہا مقابلہ نہیں کرسکتی، اقوامِ متحدہ عالمی امن کے لیے اپنا کردار جاری رکھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اہداف پر عمل درآمد کیلئے تیزی لانی ہوگی ،یوکرین کی جنگ غیر قانونی ہے، روس یوکرین کے معاملے میں تنہا ہے۔ادھر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اقوام متحدہ کو اپنے قیام کے مقاصد کی عکاسی بہتر انداز میں کرنا چاہیے، سلامتی کونسل عالمی امن کی ضامن نہیں رہی بلکہ 5 مستقل ارکان کا میدان جنگ بن گئی ہے۔قبل ازیں سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ امن کے لئےطاقت کے توازن کو درست کرنا ہوگا، افغانستان میں خواتین کے حقوق کو بہتر کرنے ،افغان عوام کو عالمی مدد کی ضرورت ہے۔