جنرل اسمبلی کا اجلاس، امریکی صدر کے خطاب کے موقع پر اہم عالمی رہنما غیر حاضر

20 ستمبر ، 2023

کراچی (نیوز ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں منگل کے دن امریکی صدر جو بائیڈن کے خطاب کے موقع پر اہم عالمی رہنمائوں کی نمایاں تعداد غیر حاضر رہی۔ ڈیلی کالر کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر کے خطاب کے موقع پر بڑے عالمی رہنمائوں کی غیر موجودگی نمایاں تھی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں بائیڈن، برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا اور یوکرین کے صدر زیلنسکی شرکت کریں گے لیکن بڑے ممالک جیسا کہ فرانس، چین، روس اور برطانیہ جنرل اسمبلی کے سیشن میں شریک نہیں۔ بھارتی وزیراعظم بھی شریک نہیں تھے۔ اقوام متحدہ کے ڈائریکٹر برائے انٹرنیشنل کرائسس گروپ رچرڈ گاون کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیراعظم رشی سونک اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکروں نے کسی وجوہات کی بناء پر شرکت نہیں کی، میرے خیال سے جنرل اسمبلی بائیڈن اور امریکی وزیر خارجہ بلنکن کیلئے موقع ہے کہ وہ روسی صدر پوتن اور چائنیز صدر شی جن پنگ کی غیر موجودگی میں غیر مغربی رہنمائوں کے ساتھ امریکا کے تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشش کریں۔