ابھی فیلڈ تیار ہی نہیں ہوئی تو لیول کس طرح ہوگا،خواجہ آصف

20 ستمبر ، 2023

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خورشید شاہ نے کہا ہےکہ آصف زرداری نے بلاول کے ہاتھ کھول دیئے تو ہم 80کی دہائی میں چلے جائیں گے،سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ابھی فیلڈ تیار ہی نہیں ہوئی تو لیول کس طرح ہوگا،سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ بلاول بھٹو کسی کا نام لئے بغیر ن لیگ کو کوس رہے ہیں،بلاول مسلم لیگ ن کا نام لے کر کسی اور کو سنارہے ہیں، پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ ن لیگ نے نہیں دینی ، لیول پلیئنگ الیکشن کمیشن نے دینی ہے یا اس نے دینی ہے جس کے ساتھ بلاول کا جھگڑا چل رہا ہے ، خورشید شاہ نے کہا کہ نگراں حکومت میں بہت سے عہدیدار ن لیگ کے ہیں، آصف زرداری ن لیگ سے لڑنا نہیں چاہتے، وفاق میں نگراں حکومت دراصل ن لیگ کی ہے، وفاقی کابینہ میں بھی ن لیگ کے لوگ بیٹھے ہوئے ہیں، وزیراعظم کا سابق سیکرٹری احد چیمہ بھی نگراں حکومت میں شامل ہے، پنجاب میں ہماری مرضی سے حکومت نہیں بنی نہ ہم بنانا چاہتے ہیں۔میزبان محمد جنید نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے، یہ ابہام موجود ہے کہ ن لیگ کیسے پیپلز پارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں دے رہی۔