مطالبہ الیکشن کمیشن اور مقتدرہ سے کریں،ن لیگ

20 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ گزشتہ سولہ ماہ پندرہ جماعتوں کی مشترکہ حکومت میں مثالی اتحاد پایا جاتا تھا‘پی ڈی ایم کی اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتوں کو اپنی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی‘ بلاول بھٹو لیول پلیئنگ فیلڈ کا مطالبہ الیکشن کمیشن اور مقتدرہ سے کریں‘ جنرل باجوہ کو ایکسٹینشن دینے کے فیصلے کا دفاع نہیں کروں گا‘ جلد از جلد صاف و شفاف انتخابات ہی ملک کو آگے لے جانے کا طریقہ ہے‘شاہد خاقان اور مفتاح اسماعیل کسی دوسری جماعت کے ذریعہ ملک کی بہتر خدمت کرسکتے ہیں تو ضرور کریں‘ہماری خواہش ہوگی کہ وہ ن لیگ میں رہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ خرم دستگیر خان نے کہا کہ ہم کوئی نیا بیانیہ نہیں دے رہے پاکستان کو لاحق امراض کی تشخیص کررہے ہیں۔ن لیگ تمام تر مشکل وقت کے باوجود نہیں ٹوٹی، مصنوعی طور پر مسلط کیے جانے والوں کا مشکل وقت میں شیرازہ بکھر گیا۔