سپریم کورٹ میں مقدمات جلد نمٹانے کا آغاز،چیف جسٹس نے دوسرے روز 5 میں سے 3 کیسز نمٹادیئے

20 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک ) سپریم کورٹ میں مقدمے جلد نمٹانے کا آغاز ہوگیا ،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے دوسرے روز 5میں سے 3کیس نمٹادیئے،زیرالتوا کیسز کے جلدی فیصلے کرنے کیلئے آج اجلاس طلب کرلیاہے۔ چیف جسٹس قاضی فائزعیسیٰ نے معمول کے کیس سننااور لوگوں کو ریلیف دینا شروع کردیا۔ منگل کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پانچ میں سے تین کیسزنمٹا دئیے ،سپریم کورٹ نے سروس میٹرمیں پاکستان پوسٹ کی درخواست خارج کردی۔قتل کے کیس میں ضمانت منسوخی کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پرنمٹا دی،سی ڈی اے لینڈ ڈیپارٹمنٹ کے کیس میں ملزم کی ضمانت قبل ازگرفتاری منظورکرلی۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پٹھان کا اخلاق بے مثال، پٹھان دشمنی بڑی لمبی چلاتے ہیں۔ زمین کے تنازع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس کا وکیل کے ساتھ دلچسپ مکالمہ ہوا۔ دوران سماعت وکیل منیر پراچہ نے عدالت کو بتایا کہ 2 بھائیوں کا آپس میں تنازع تھا۔ جس پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ پٹھان تو سب سے اچھے ہوتے ہیں۔چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ جتنا اخلاق آپ کو وہاں ملے گا ایسا کہیں اور نہیں۔ پٹھان بس دشمنی بڑی لمبی چلاتے ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ لگتا ہے میں نے غلط جگہ پر ایسی بات کردی۔ اس موقع پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔