خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی نے 60 ملازمین کو فارغ کردیا

20 ستمبر ، 2023

پشاور(ارشدعزیز ملک )خیبر پختونخوا آئل اینڈ گیس کمپنی لمیٹڈ (کے پی اوجی سی ایل)نے لازمی گولڈن ہینڈ شیک اسکیم کے تحت 60 کے قریب ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔ کمپنی کی اعلیٰ انتظامیہ پرالزام عائد کیا گیا ہے کہ انھوں نے بنیادی کاروبار پر توجہ دینے اور ادارے کی آمدنی میں اضافے کے بجائے اپنے خود ساختہ معیار کے ذریعے ملازمین کی تعداد میں کمی کی تجویز دی ۔ملازمین کا دعویٰ ہے کہ ڈائون سائزنگ کا عمل مبینہ طور پر بے ضابطگیوں، جانبداری اور بد نیتی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔ دستاویزات کے مطابق کے پی او جی ڈی سی ایل نے 15 اگست 2023 کو لازمی گولڈن ہینڈ شیک اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کی آخری تاریخ 29 اگست 2023 تھی۔ کمپنی نے تاثر دیا کہ یہ رضاکارانہ علیحدگی کی اسکیم ہے لیکن دستاویزات میں ملازمت چھوڑنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑاگیا تھا۔فارغ ہونے والے ملازمین نے الزام عائد کیا ہے کہ گولڈن ہینڈ شیک میں مبینہ طورپرخودساختہ درجہ بندی سے مخصوص ملازمین کو نشانہ بنایا گیاجبکہ منظورنظر افراد کو بچایا گیا ۔