2کرپشن کیسز میں پرویز الٰہی کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم مہنگائی کے ذمہ دار نواز ،شہباز ہیں،پرویز الٰہی

20 ستمبر ، 2023

لاہور (کورٹ رپورٹر،نیوز رپورٹر)لاہور میں ضلعی کچہری کی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کرپشن کے دو مقدمات میں اینٹی کرپشن کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کرتے ہوئے پرویز الہٰی کو جوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔پرویز الہیٰ کو پنجاب اسمبلی میں اختیارات کے ناجائز استعمال سے بوگس بھرتیوں اور محمد خان بھٹی کو پرنسپل سیکریٹری تعینات کرنے کے مقدمات میں ضلع کچہری کی عدالت میں پیش کیا گیا۔دریں اثنا پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس ابھی نہیں کرنی ، آج کی مہنگائی کا ذمہ دار نواز شریف اور شہباز شریف ہے،دونوں بھائی ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے پرویز الٰہی کو کسی بھی مقدمہ گرفتار نہ کرنے سے سنگل بینچ کے فیصلے کو معطل کرنے کیلئے نیب کی انٹرا کورٹ اپیل ناقابل سماعت قرار دے کر نمٹا دی۔احتساب عدالت کے جج زبیر شہزاد کیانی نے ترقیاتی منصوبوں میں کک بیکس اورخورد برد کیس میں پرویز الٰہی کے شریک ملزم سہیل اکرم کی عبوری ضمانت 3 اکتوبر تک منظور کر لی۔