تمباکو کے کاشتکاروں کا قیمت خرید میں اضافہ کے بعد معاوضہ کی عدم ادائیگی پر احتجاج

24 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(نامہ نگار )تمباکو کے کاشتکاروں نے سگریٹ کمپنیوں کی جانب سے تمباکو کی قیمت خرید میں اضافہ کے بعد معاوضہ کی عدم ادائیگی پر احتجاج کیا ہے ،گزشتہ روز احتجاج کے دوران اتحاد کاشتکاران اقبال شیوا نے مظاہرین سے خطاب کے دوران کہا کہ ملٹی نیشنل کمپنیاں کاشتکاروں کو پروکیورمنٹ ریٹ پر قیمت خرید بڑھنے کے بعد کوئی مالی معاوضہ نہیں دے رہی ہیں،جب سیزن شروع ہوا تو تمباکو کے کاشتکاروں نے کمپنیوں کو فصل 425 روپے میں فراہم کی اور بعد میں یہ 1400 روپے تک بڑھ گئی،انہوں نے کہا کہ کمپنیوں کی جانب سے معاوضہ نہ دینے کی وجہ سے کاشتکاروں کو 15 سے 20 ملین روپے کے نقصان کا سامنا ہے۔وائس چیئرمین اتحاد کاشتکاران اقبال شیوا نے مزید کہا کہ کاشتکاروں نے کمپنیوں کے نمائندو ں سے متعدد ملاقاتیں کیں، لیکن ان کی فریاد نہیں سنی گئی- مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارا حق نہیں ملتا ہم احتجاج کرتے رہیں گے۔