وزیراعظم نے بھارتی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا‘ جان اچکزئی

24 ستمبر ، 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی اور صوبائی وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ہندوستان دہشت گرد ملک ہے جس نے جمہوریت کا لبادہ اوڑھا ہوا ہے ، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میں بہترین انداز میں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا، پی سی بی بلوچستان کے سپورٹس جرنلسٹس کو قومی ایونٹ میں نظرانداز نہ کرے ،اسپورٹس جرنلسٹس کے ساتھ کسی کو زیادتی کرنے نہیں دیں گے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کے دفتر میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر ڈی جی پی آر کامران اسد بھی موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ بھارت بلوچستان میں براہ راست دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہا ہے اور اب کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں بھی بھارت کا چہرہ ایسی ہی دہشت گردانہ وارداتوں کے بعد مزید بے نقاب ہوگیا اور پاکستان کا بھارتی دہشت گردی کے حوالے سے موقف دنیا کے سامنے سچ ثابت ہوا۔ اب تو امریکی وزراء بھی کہہ رہے ہیں کہ بھارت کوسیریس لیا جائے گا ۔ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اقوام متحدہ میں بہترین انداز میں بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کیا۔حکومت بلوچستان وزیراعظم کے موقف پر ان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے، نگران وزیراعلیٰ میر علی مردان ڈومکی اور ان کی ٹیم کی کوشش ہے کہ بھارت کے اصل چہرے کو دنیا بھر کے سامنے مزید بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے روزاول سے ہی بلوچستان اسپورٹس جرنلسٹس کو نظرانداز کیا ہے جس کا تدارک ناگزیر ہوچکا ہے ۔ ایک سوال پرجان اچکزئی نے کہاکہ بھارت کی جانب سے پہلے بلوچستان اور اب کینیڈا کی سرزمین دہشت گردی کے لئے استعمال ہورہی ہے۔ بھارت شروع سے ہی منظم انداز میں منفی پروپیگنڈہ کررہا ہے جس میں ہمیشہ اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ایک سوال انہوں نے کہاکہ نگراں وزیر اعظم کے خلاف پروپیگنڈ ہ شروع کر دیا گیا ہے عوام پروپیگنڈ ے پراپنے کان نہ دھریں ۔نگران صوبائی وزیر کھیل و ثقافت نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ پی سی بی بلوچستان کے اسپورٹس جرنلسٹس کو نظرانداز کررہا ہے ، بلوچستان نے پاکستان کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں ، انٹرنیشنل ایونٹس کو کور کرنا ہمارے سپورٹس رپورٹروں کا حق ہے جس سے انہیں محروم نہیں کیا جاسکتا ، اس سے پہلے پی ایس ایل میں ہمارے صحافیوں کو نظرانداز کیا گیا اور جب ہم نے احتجاج کیا تو اس کے بعد ہمارے لوگوں کو اجازت دی گئی اب حالات تبدیل ہوچکے ہیں پی سی بی کو جواب دینا ہوگا کہ وہ بلوچستان کے صحافیوں کو کیوں نظرانداز کررہا ہے ، ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ہم سپورٹس جرنلسٹس اور بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔