سابق چیف جسٹسز اورججزکیخلاف مس کنڈکٹ کی شکایات بے بنیاد قرار

24 ستمبر ، 2023

اسلام آباد( رپورٹ:،رانا مسعود حسین)سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج و ممبر سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس سردار طارق مسعود نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار،سا بق چیف جسٹس عمر عطا بندیال ،جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عائشہ اے ملک کیخلاف ججوں کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے حوالے سے دائر نجی شکایات کا ابتدائی جائزہ لینے کے بعد انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل کو شکایات کو خارج کردینے کی رائے دیدی ہے جبکہ جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف سنگین مس کنڈکٹ کے حوالے سے دائر شکایات پر تاحال کوئی رائے سامنے نہیں آئی ہے،ذرائع کے مطابق سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئر مین نے مذکورہ بالا ججوں کیخلاف شکایات پر ابتدائی قانونی رائے کے حصول کیلئے معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل کے سینئر ترین رکن جسٹس سردار طارق مسعود کو بھیجا تھاجنہوں نے شکایات کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا ہے کہ ججوں کیخلاف ضابطہ اخلاق کی کسی قسم کیخلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہیں ملاہے انہوں نے تینوں شکایات کو بے بنیاد قرار دینے کی سفارش کرتے ہوئے سپریم جوڈیشل کونسل کو اپنی رائے دیدی ہے ، ذرائع کے مطابق جسٹس سردار طارق مسعود نے جسٹس عائشہ اے ملک کیخلاف دائر ایک اور شکایت کا بھی جائزہ لینے کے بعد سپریم جوڈیشل کونسل کو اپنی رائے دیتے ہوئے قرار دیاہے کہ ان کیخلاف شکایت بھی بے بنیادہے ،جسٹس عائشہ اے ملک کیخلاف شکایت اسوقت دائر کی گئی تھی جب وہ لاہور ہائیکورٹ کی جج تھیں سابق چیئر مین سپریم جوڈیشل کونسل جسٹس عمر عطاء بندیال نے جسٹس سیدمظاہر علی اکبر نقوی کیخلاف مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے سنگین مس کنڈکٹ کی شکایت بھی جائزہ لینے کیلئے جسٹس سردار طارق مسعودکو بھیجی گئی تھی تاہم تاحال اس پر کسی قسم کی رائے سامنے نہیں آئی ہے۔