فائیو آئیز کی معلومات کی بنا پر جسٹن ٹروڈو نے بھارت پر الزام عائد کیا،ڈیوڈ کوہن

24 ستمبر ، 2023

کراچی(نیوز ڈیسک)ٹورنٹو کےسی ٹی وی نیوز نے رپورٹ کیا کہ کینیڈا میں امریکی سفیر ڈیوڈ کوہن نے تصدیق کی کہ فائیو آئیز کے شراکت داروں کے درمیان مشترکہ انٹیلی جنس نے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو جون میں ایک کینیڈین شہری کے قتل میں بھارتی ایجنٹوں کے ممکنہ ملوث ہونے کے بارے میں اطلاع دی تھی۔تاہمڈیوڈکوہن نے سی ٹی وی نیوز کو یہ نہیں بتایا کہ کینیڈا کی حکومت کو کس نوعیت کی معلومات فراہم کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ انٹیلی جنس شیئرنگ نیٹ ورک فائیو آئیز میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔جسٹن ٹروڈو نے پیر کو کہا تھاکہ اوٹاوا کے پاس قابل بھروسہ معلومات ہے جو بھارتی ایجنٹوں کا وینکوور میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل سے تعلق جوڑتی ہیں،بھارت نے اس الزام کی تردید کی ہے۔خیال رہے کہ جمعہ کو امریکا نے واضح کیا کہ وہ توقع کرتا ہے کہ بھارتی حکومت کینیڈا کے ساتھ مل کر ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں نئی دہلی کے ایجنٹوں کے ممکنہ ملوث ہونے کی تحقیقات پر کام کرے گی۔امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ ہمیں کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر گہری تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت اہمیت کا حامل ہے کہ بھارت تحقیقات میں کینیڈا کے ساتھ مل کر کام کرے۔ ہم احتساب دیکھنا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے کینیڈا کے بھارت پر الزامات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا تاہم انٹونی بلنکن امریکا کے اب تک کے واحد سینئر عہدیدار ہیں جنہوں نے واقعے پر تبصرہ کیا۔