نجکاری کا اختیار صرف عوام کی منتخب حکومت کو ہے نگران حکومتوں کو نہیں، پی ٹی آئی

24 ستمبر ، 2023

اسلام آباد(آئی این پی) ترجمان تحریک انصاف نے نگران حکومت کی جانب سے قومی اداروں کی نجکاری پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجکاری کا اختیار صرف عوام کی منتخب حکومت کے پاس ہے۔ نگران حکومت کے پاس ایسا کرنے کا اختیار موجود نہیں۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ اس کے ساتھ ساتھ عبوری حکومت کو چاہیے کہ وہ انتخابی عمل کو تیز تر کرے اور نوے دنوں کے اندر اس کا انعقاد یقینی بنائے تاکہ ان اداروں کی بہتری کا عمل عوامی مینڈیٹ کی حامل ایک منتخب حکومت کے ذریعے جلد سے جلد شروع کیا جا سکے۔ترجمان پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ نجکاری پر توجہ مرکوز کرنا اور اتنی مختصر مدت میں اسے تیز کرنے کی کوشش کرنا نگران حکومت کے ارادوں کے بارے میں شکوک و شبہات کو جنم دیتا ہے جو نگران حکومت کو غیر مناسب رویوں اور آئین کی خلاف ورزیوں کے الزامات سے دوچار کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر نجکاری کی گئی تو اس طرح سرگرمیوں کو قانون چارہ جوئی کا سامنا بھی کرنا پڑے گا،نجکاری کمیشن حصص کی اسٹریٹجک فروخت کے ذریعے عمل کو آگے بڑھائے۔