سعودیہ کےبعد7 مسلم ممالک امن معاہدہ کر سکتے ہیں‘اسرائیلی وزیر خارجہ،قومی و فلسطینی مفادات دیکھ کر فیصلہ کریں گے،پاکستان

25 ستمبر ، 2023

نیویارک (ایجنسیاں/جنگ نیوز)اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل، سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط کرتا ہے تو مزید 6 یا 7 مسلم ممالک اس کے ساتھ امن معاہدہ کر سکتے ہیں‘سعودی عرب کے ساتھ امن کا مطلب مسلم دنیا کے ساتھ امن ہے ۔گزشتہ روزاسرائیلی اخبار کان نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا کہ کم از کم مزید 6 یا 7 ممالک ہیں جن کے رہنماؤں کے ساتھ میں نے ملاقات کی‘ان اہم مسلم ممالک کے ساتھ ہمارےرسمی تعلقات نہیں ہیں جو امن میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ایلی کوہن نے کہا کہ یہ ممالک افریقہ اور ایشیا میں واقع ہیں لیکن انہوں نے ان ممالک کا نام بتانے سے انکار کیا، بعد میں انہوں نے کہا کہ ان میں سے کچھ کے ساتھ ان کا براہ راست رابطہ رہا۔ ادھر وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اسرائیل سے تعلقات کے معاملے پر دوٹوک انداز میں واضح کیا ہے کہ پاکستان اپنے قومی مفادات اور فلسطینی عوام کے مفادات کو مدنظر رکھ کر ہی کوئی فیصلہ کرے گا۔ ایک بیان میں ان کا کہناتھاکہ اسرائیلی وزیر خارجہ کی حالیہ کچھ عرصے میں کسی پاکستانی اہلکار سے ملاقات نہیں ہوئی۔ پاکستان کے ایک سینئرسفارت کار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر واضح کیا کہ امید ہے اس بارے میں پاکستان کو کوئی فیصلہ مستقبل قریب میں نہ کرنا پڑے۔ ایران کےصدر ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے عرب ممالک سے تعلقات کا معاہدہ ناکام ہوجائے گا۔ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے یہ بات امریکی چینل کو انٹرویو کے دوران کہی۔