اسرائیل سے متعلق پالیسی پر کسی بھی وقت نظرثانی نہیں کی گئی،دفتر خارجہ

25 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان جلد بازی میں اسرائیل کو ریاست تسلیم کرنے پر غور نہیں کر رہا چونکہ اسلام آباد کی تل ابیب سے متعلق پالیسی پر حالیہ عرصے میں کسی بھی وقت نظرثانی نہیں کی گئی۔ دفتر خارجہ نے واضح کیا ہے کہ ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا کہ پاکستان ان 6 سے 7 مسلم ممالک میں شامل ہوگا جو سعودی عرب کی جانب سے یہودی ریاست کو تسلیم کرنے کے بعد اسرائیل کو تسلیم کریں گے جیسا کہ اسرائیلی وزیر خارجہ نے جمعہ کے روز اسرائیل کے کے اے این نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے اشارہ دیا تھا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جہاں تک پاکستان کا تعلق ہے تو انہیں اس معاملے پر کسی پیش رفت کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اعلیٰ سفارتی ذرائع نے دی نیوز کو بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات میں کسی بھی واضح بہتری سے متعلق پیش رفت کا بغور مطالعہ کر رہا ہے۔