شفاف انتخابات کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ، مرتضیٰ سولنگی

25 ستمبر ، 2023

کراچی(اے پی پی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنا نگران حکومت کی ذمہ داری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو انتخاب لڑنے کی مکمل آزادی حاصل ہونی چاہئے، سرکاری میڈیا کسی سیاسی جماعت کی حمایت یا مخالفت نہ کرے اور رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو منصفانہ کوریج فراہم کرے۔ اتوار کو ریڈیو پاکستان کراچی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئین کی تمہید میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اسکے منتخب نمائندے چلائینگے۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی نشریات کو ڈیجیٹل کرنے کیلئے اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کی ڈیجیٹلائزیشن اور ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی جیسے مسائل موجود ہیں، قانونی و آئینی اختیارات کے تحت ان مسائل کو حل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ وفاقی سیکرٹری اطلاعات کے ساتھ ملکر ریڈیو پاکستان کے بورڈ کی تشکیل نو کی جائے گی۔