راولپنڈی، ریفرنسز بحالی معاملے پراحتساب عدالت میں آج سماعت

25 ستمبر ، 2023

راولپنڈی(این این آئی)احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز بحالی معاملے پر سماعت (آج) پیر کے روز ہوگی۔ نیب ترامیم کالعدم قرار دیئے جانے کے بعد سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کے تحت احتساب عدالت راولپنڈی نے 22 نیب ریفرنسز بحال کئے ، تمام ریفرنسز کے ملزمان کو نوٹس جاری کرکے (آج) پیر25 ستمبر کو عدالت طلب کرلیا گیا۔ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے کہا گیا کہ جیل سے کیس ختم کرانے والے ملزمان دوبارہ اڈیالہ جیل بھیجے جائینگے۔ 8 کیسز کے ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائیگی، تمام مضاربہ، جعلی ہاؤسنگ ریفرنس اور کرپشن کیسز بحال ہوگئے۔ احتساب عدالت کے جج راجا قمر زمان نے دو روز قبل ریفرنس ری اوپن کرنے کی درخواست منظور کر لی تھی۔ عدالت نے پیر 25 ستمبر کو ری اوپن کیے گئے 22 ریفرنسز کی سماعت کے موقع پر پولیس کی اضافی نفری بھی طلب کرلی۔