سپریم کورٹ نے اکتوبر کے پورے مہینے کی عبوری کاز لسٹ جاری کر دی

25 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی) سپریم کورٹ نے اکتوبر کے پورے مہینے کی عبوری کاز لسٹ جاری کر دی، ہر ہفتے دائر اور نمٹائے گئے مقدمات کے اعدادوشمار بھی جاری ہونگے۔ عدالت عظمیٰ کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات میں وکلا نمائندوں نے چار ہفتوں کی کاز لسٹ جاری کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ انہیں کیسز کی تیاری کیلئے مناسب وقت مل سکے، چار ہفتوں کی مجوزہ کاز لسٹ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق 18سے 22ستمبر تک سپریم کورٹ میں 225نئے مقدمات دائر ہوئے، اس دوران 205مقدمات نمٹائے گئے،ان میں متفرق درخواستیں شامل نہیں۔