آرمی چیف کی معاونت سے کیا اہداف حاصل ہوسکتے ہیں، وزارتوں کو اقتصادی بحالی منصوبہ بنانے کی ہدایت

25 ستمبر ، 2023

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں کو معاشی بحالی کا ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کا ٹاسک دیا، آرمی چیف نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ کے باخبر ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے طویل مدتی اقدامات کی بنیاد رکھتے ہوئے چند مہینوں میں حاصل کیے جانے والے اہداف پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ذرائع نے کہا کہ آرمی چیف نے ایگزیکٹو کمیٹی سے جرات مندانہ منصوبے بنانے کیلئے کہا ہے جبکہ ان کے نفاذ میں پاک فوج کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی گئی کہ وہ لیٹرز آف کریڈٹ اورغیرملکی کرنسیوں کی قیاس آرائیوں کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث بینکوں کو چیک کریں۔گورنر اسٹیٹ بینک، سیکرٹری کامرس اور سیکریٹری خزانہ سے کہا گیا ہے کہ وہ مالیاتی اثرات کی تشخیص کیساتھ ایک جامع منصوبہ تیار کریں جس میں صنعت سے لیکویڈیٹی کی رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے اقدامات شامل ہوں۔فیصلہ کیا گیا کہ ایکشن پلان میں تیزی لاتے ہوئے دانشمندانہ نظم و نسق اور عوامی مالیات کو یقینی بنایا جائے گا۔